سقوطِ ڈھاکا: چند حقائق اور دو قومی نظریہ
ڈاکٹر صفدر محمود یہ سوال اکثر اُٹھایا جاتا ہے کہ: ’مشرقی پاکستان کی علیحدگی کے سانحے کا ’ڈائریکٹر‘ کون تھا؟‘ ’مشرقی پاکستان کی علیحدگی کس کی سرپرستی، مدد اور مداخلت سے عمل میں آئی؟‘ اس کا ہرگز مطلب اپنی سیاسی غلطیوں، کوتاہیوں، مختلف حکومتوں، حکمرانوں اور فوجی راج کے پیدا کردہ احساسِ محرومی پر پردہ ڈالنا نہیں، کیوں کہ ان سب تلخ حقیقتوں کو بھی تسلیم کرنا پڑے گا۔ یہیں پر دوسرا سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ: کیا اس قسم کی محرومیاں، کوتاہیاں، غیر دانش مندانہ پالیسیاں اور بے انصافیاں صرف پاکستان میں ہی روا رکھی گئیں ؟ کیا صوبائی کش مکش، علاقائی خودمختاری کی تحریکیں اور لسانی عصبیتیں صرف پاکستان کی سیاست کا ہی حصہ تھیں؟ نہیں، ہرگز نہیں۔ اس نوعیت کی صورت حال بہت سے نوآزاد یا ترقی پذیر ممالک کے علاوہ بعض ترقی یافتہ ممالک میں بھی موجود ہے۔ وہاں بھی وفاقی یا مرکزی حکومت پر بے انصافی کے الزامات لگتے رہتے ہیں، بہت سے نوآزاد ممالک کے صوبوں میں رسّہ کشی اور نفرت بھی رنگ دکھاتی ہے، بعض اوقات حکمران اور حکومتیں غلط فیصلے بھی کر گزرتی ہیں، لیکن ان تمام عوامل کے باوجود وہ ممالک اندرو...